پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لانگ مارچ حکومت کے خلاف اور عدم اعتماد کے حق میں ہوگا جبکہ ہماری کامیابی ہے کہ عدم اعتماد کی مخالفت کرنے والے ساتھی بھی اسی پیج پر آگئے ہیں۔
پشاور میں پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھاکہ پیپلزپارٹی 27 فروری سےعوامی مارچ کراچی سےشروع کر رہی ہے، عوامی مارچ نالائق، ناجائز اور نا اہل حکومت کے خلاف ہے، پہلے ہی دن سے ہم نے وزیراعظم کو سلیکٹڈ قرار دیا۔
ان کا کہنا تھاکہ لانگ مارچ حکومت کے خلاف اور عدم اعتماد کے حق میں ہوگا، ہماری کامیابی ہے کہ عدم اعتماد کی مخالفت کرنے والے ساتھی بھی اسی پیج پر آگئے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ ہم وہ جماعت نہیں جو کسی دوسرے ادارے سے کہے انہیں نکالیں، ہم وہ جماعت نہیں جو پی ٹی وی یا پارلیمنٹ پر حملہ کرے، عمران خان نے تبدیلی کا وعدہ کیا، تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا،ہر وعدہ جھوٹا تھا، دھوکا نکلا، یوٹرین پر یوٹرن لیے۔
چیئرمین پی پی کا کہنا تھاکہ ہم نکلیں گے تو ہر صوبے کیلئے نکلیں گے، کوئی اکیلا کچھ نہیں کر سکتا، آپ کے ساتھ کی ضرورت ہے، اس وقت ہمیں کام کرنے والے لوگوں کی ضرورت ہے۔