گرمی کے پیش نظر عازمین حج کو زیادہ سے زیادہ پانی پینے کی تاکید

مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ ، منیٰ ، مزدلفہ اور عرفات میں جابجا پینے کے پانی کا نظم، عرفات میں لازماًچھتری کے استعمال کی تاکید، چھتریو ں کی بھی تقسیم
‎سعودی عرب میں گرمی میں اضافہ ہوتا جار ہا ہے جس کے پیش نظر عازمین حج کو زیادہ  سے زیادہ پانی استعمال کرنے جبکہ میدان عرفات میں  لازماً چھتری کے استعمال کی تاکید کی گئی ہے ۔ سنیچر کو سب سے زیادہ’ زیادہ سے زیادہ‘  درجہ ٔ حرارت عرفات کا رہا ۔      درجۂ حرارت سے متعلق سعودی عرب کے موسمیات کے قومی مرکز نے سنیچر کو  بتایا ، ’’  سنیچر کو مکہ مکرمہ کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت ۴۴؍ ڈگری رہا جبکہ کم سے کم درجۂ حرارت ۳۲؍ ڈگری ریکا رڈکیا گیا ۔  اسی طرح مدینہ منورہ  کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت ۴۴؍ ڈگری جبکہ کم سے کم درجۂ حرارت ۲۹؍ ڈگری ریکارڈ کیا گیا  

اسی دوران منیٰ کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت ۴۴؍ ڈگری جبکہ کم سے کم درجۂ حرارت   ۳۲؍ ڈگری ریکارڈکیا گیا ۔‘‘  موسمیات کے  قومی   مرکز نے مزیدبتایا، ’’ سنیچر کو عرفات کا  زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت ۴۵؍ڈگری جبکہ کم سے کم درجۂ حرارت ۳۲؍ ڈگری ریکا رڈکیا گیا   ۔ مزدلفہ کا   زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت ۴۴؍ڈگری جبکہ کم سے کم درجۂ حرارت ۳۰؍ ڈگری ریکا رڈکیا گیا  ۔ ‘‘  عرفات میں شدید گرمی کے پیش نظر وہاں لازماً چھتری کے استعمال کی تاکید کی گئی ہے۔  اسی  دوران مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ ، منیٰ ، مزدلفہ اور عرفات میں عازمین کی جابجا پینے کے پانی کا نظم کیاگیا ہے۔  سعودی عرب کی وزارت ماحولیات، پانی اور زراعت نے بتایا کہ حج کے پیش نظر لاکھوں افراد کے پینے کیلئے  مکہ مکرمہ،  منیٰ ، مزدلفہ ،عرفات   اور مدینہ منورہ میں روزانہ۱ء۳۶؍ ملین کیوبک میٹر سے زیادہ پینے کے پانی کا بندوبست کیا گیا ہے ۔

رواں حج سیزن کے دوران تقریباً۳۰؍ لاکھ   عازمین کیلئے۷۸ء۵؍ ملین کیوبک میٹر  پینے کے پانی کا انتظام کیا گیا ہے۔     اسی دوران عازمین حج میں میدان عرفات میں گرمی کی شدت سے  بچانے کیلئے چھتریاں اور قالین تقسیم کی گئیں ۔  ایس پی اے نے حرمین شریفین انتظامیہ کے حوالے سے بتایا ، ’’ سنیچر کو عازمین حج کے درمیان  ۱۲؍ ہزار چھتریاں اور ۳؍ ہزار قالنیںتقسیم کی گئیں۔ ‘‘  دریں اثنا ء عازمین کیلئے دیگر  انتظامات بھی کئے گئےہیں۔۱ ۱؍سے زیادہ سرکاری ایجنسیاں غذائی اجناس کی فراہمی کے عمل کی نگرانی میں مصروف ہیں۔ سعودی عرب کے تمام علاقوں میں ۶؍ سو بازار لگائے گئے ہیں جن کی سخت نگرانی کی جارہی ہے۔ عازمین کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے   قربانی کے جانوروں کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔  مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں متعدد مقامات پر صحت سے متعلق بھی ٹیمیں سرگرم ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں