کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر پاکستان نے فضائی آپریشن کی بندش میں 15 مئی تک توسیع کر دی
کورونا وائرس سے مزید 7 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد ملک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 272 ہو گئی ہے جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 13106 تک جا پہنچی ہے۔
اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 93 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ پنجاب اور سندھ میں 81، 81، بلوچستان میں 11، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں تین، تین افراد اس مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔
آج کے کیسز کی صورتحال
اتوار کے روز اب تک 7 اموات اور 448 نئے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جس میں سے 52 کیسز اور 3 اموات پنجاب میں، 383 کیسز اور 3 ہلاکتیں سندھ، 12 نئے کیسز اسلام آباد میں جب کہ ایک نیا کیس اور ایک ہلاکت بلوچستان میں رپورٹ ہوئی ہے۔
گزشتہ روز ملک بھر سے کورونا وائرس کے 922 کیسز اور 17 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی تھیں۔
سندھ
صوبے میں مزید 383 کیسز اور 3 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جس کی تصدیق سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے کی۔
مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد سندھ میں مریضوں کی تعداد 4615 ہو گئی ہے جب کہ تین اموات کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 81 ہو گئی ہے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 70 مزید افراد صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 872 ہو گئی ہے۔
پنجاب
پنجاب سے آج کورونا وائرس کے مزید 52 کیسز اور 3 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد صوبے میں مریضوں کی تعداد 5378 اور ہلاکتیں 81 ہو گئی ہیں۔
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ 1096 صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 12 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔
نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 235 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں اب تک وائرس سے 3ا فراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
بلوچستان
بلوچستان میں آج اب تک ایک نیا کیس اور ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 722 اور ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔
صوبائی محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں اب تک کورونا کے 177مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
خیبرپختونخوا
خیبر پختونخوا میں ہفتے کو 85 نئے کیسز اور 4 ہلاکتیں سامنے آئیں جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 93 جب کہ مجموعی کیسز 1793 ہوگئے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں اب تک 485 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔
گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں ہفتے کو صرف ایک کورونا کیس رپورٹ ہوا جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 308 ہوگئی جب کہ اب تک 216 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق گلگت میں زیر علاج افراد کی مجموعی تعداد 89 ہے اور صحتیابی کا تناسب 73 فیصد سے زائد ہے۔
گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔
آزاد کشمیر
آزاد کشمیر میں جمعے اور ہفتے کو کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا، جمعرات کو کورونا وائرس کے 4 نئے کیسز سامنے آئے تھے جس کی تصدیق آزاد کشمیر کے فوکل پرسن برائے کورونا ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر نے کی تھی۔
نئے کیسز سامنے آنے کے بعد علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 59 ہوگئی ہے۔