گزشتہ روز ہونے والے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں کراچی سے پاکستان تحریک انصاف کو اپ سیٹ کا سامنا کرنا پڑا۔
تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور گورنر سندھ عمران اسماعیل کے حلقے کلفٹن میں پی ٹی آئی کو شکست ہو گئی۔
کلفٹن کینٹ کی 10 میں سے 4 نشستیں پیپلز پارٹی نے جیت لی ہیں جبکہ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے دو دو نشستیں حاصل کیں، دو نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب قرار پائے۔
فیصل کینٹ کی 10 میں سے پی ٹی آئی نے 6 نشستیں جیت کر واضح برتری حاصل کر لی جبکہ ملیر کی 10 میں سے 5 نشستیں تحریک انصاف لے گئی۔ پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی نے دو، دو نشستیں جیتیں۔
منوڑہ کینٹ کی دونوں نشستوں پر پیپلز پارٹی کامیاب رہی جبکہ کورنگی کریک کینٹ کی 5 میں سے 2 نشستیں مسلم لیگ ن جیت گئی۔ پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کی ایک ایک نشست رہی۔
کراچی کنٹونمنٹ بورڈ کی 2 نشستوں پر ایم کیو ایم کامیاب رہی جبکہ ایک نشست پیپلز پارٹی کے نام رہی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں ہونے والے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 63 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی جبکہ مسلم لیگ نے 59 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی، پیپلز پارٹی نے 17 اور ایم کیو ایم پاکستان نے 10 نشستیں حاصل کیں۔
لاہور اور راولپنڈی میں تحریک انصاف کو بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ لاہور میں والٹن اور لاہور کینٹ مسلم لیگ ن نے جیت لیے، چکلالہ کینٹ میں بھی پی ٹی آئی کو اپ سیٹ شکست ہوئی۔