کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم اپنا دوسرا میچ آج سری لنکا کیخلاف کھیلے گی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی ) مینز کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم اپنا دوسرا میچ آج سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔

بھارتی شہر حیدر آباد دکن میں ایک بار پھر ٹیم پاکستان ایکشن میں ہوگی اور اس بار اس کا مقابلہ ہے ٹیم سری لنکا سے،  وہی ٹیم جس کے خلاف جنوبی افریقا نے رنز کے انبار لگائے تھے۔

ٹیم پاکستان نے سری لنکا سے مقابلے کےلیے بھرپور تیاری کی ہے  اور حیدرآباد دکن میں جم کے پریکٹس کی۔

ذرائع کے مطابق میگا ایونٹ کے دوسرے میچ میں قومی ٹیم ایک تبدیلی کے ساتھ میدان میں اترے گی ، فخر زمان کی جگہ عبداللہ شفیق امام الحق کے ساتھ اننگز شروع کریں گے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم ، محمد رضوان ، سعود شکیل اور افتخار احمد بیٹنگ لائن اپ کا حصہ ہوں گے جبکہ شاداب خان اور محمد نواز بطور آل راؤنڈر اور حسن علی ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف فاسٹ بولنگ کا شعبہ سنبھالیں گے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہو گا، اس سے پہلے صبح 10بجے انگلینڈ اور بنگلا دیش کی ٹیمیں دھرم شالہ میں آمنے سامنے ہوں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے ورلڈکپ کے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو شکست دی تھی جبکہ سری لنکا کو جنوبی افریقا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں