کراچی کے علاقے صدر میں دھماکے سے ایک شہری جاں بحق اور 8 افراد زخمی ہوگئے جبکہ متعدد گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔
جناح اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد رسول نے بتایا کہ دھماکے سے ایک شہری جاں بحق ہو اور ہسپتال میں 8 زخمیوں کو لایا گیا ہے، جن کی حالت شدید نوعیت کی ہے۔
ڈاکٹر شاہد رسول نے بتایا کہ زیادہ تر افراد بال بیرنگ سے زخمی ہوئے۔
آئی جی پولیس نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو دھماکے کی ابتدائی رپورٹ دی، جس میں کہا گیا کہ دھماکا یونائیٹڈ بیکری کے قریب ہوا ہے اور لگتا ہے آئی ای ڈی موٹرسائیکل میں نصب تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ دھماکے سے ایک راہ گیر جاں بحق ہوا ہے اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
وزیراعلیٰ کا بتایا گیا کہ بم ڈسپوزل ٹیم جائے وقوع کا معائنہ کررہی ہے اور سی ٹی ڈی حکام بھی جائے وقوع پر موجود ہیں، اور تفتیش ہر پہلو سے کی جارہی ہے۔
صوبائی وزیراطلاعات شرجیل میمن نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ افسوس ناک واقعہ ہوا ہے، جس کی مذمت کرتےہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سے بات ہوئی ہے، انہوں نے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے، پولیس اور بم اسکواڈ کو جائے وقوع میں بھیج دیا ہے، جو شواہد جمع کر رہے ہیں اور جیسے نوعیت کا پتہ چلے گا تو آگاہ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری ترجیح ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جائے جبکہ پولیس تفتیش کر رہی ہے۔