پیشیوں کی آڑ میں عمران خان کے قتل کی سازش کی جار ہی ہے، اسد عمر کا دعوی

سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکریٹری اسد عمر نے کہا ہے کہ عدالتی پیشیوں کی آڑ میں عمران خان کے قتل کی سازش کی جارہی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ آج سے 4 ماہ پہلے تک جب بھی عدالت بلاتی تھی تو عمران خان جاتے تھے، عمران خان ایک بار نہیں کئی بار عدالت گئے، عمران خان کو کوئی انا کا مسئلہ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی ساری جدوجہد ہی قانون کی بالادستی کے لیے ہے، عمران خان کو کسی بھی عدالت میں پیش ہونے پر کوئی اعتراض نہیں۔

انہوں نے کہا کہ خان صاحب کو معلومات آنا شروع ہوگئی تھیں کہ جان کو خطرہ ہے، آج بھی عمران خان کے پاس مصدقہ اطلاعات آرہی ہیں کہ ان کی جان کو خطرہ ہے، عمران خان پر عدالت میں حملہ کیا جاسکتا ہے، نوٹس دینے کے لیے آنے کی بات کو بھی بہت بڑی خبر بنا دیا جاتا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جس شوٹر نے عمران خان پر حملہ کیا، اسے تو ویڈیو لنک کی سہولت میسر ہے تو پھر شدید ترین جانی خطرات کا شکار عمران خان کو کیونکر یہ قانونی سہولت میسر نہیں ہوسکتی؟ انہیں بھی ویڈیو لنک پیشی کی اجازت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح کا انتشار اس وقت ملک میں پھیلا ہوا ہے، جس طرح سے آج ملک کا آئین خطرے میں ہے، جس طریقے سے عدالتوں کو نشانہ بنایا جاریا ہے، پورا آئینی نظام خطرے کی لپیٹ می آیا ہے جب کہ ملک میں معیشت کی بدترین صورتحال ہے، ایسی صورتحال پہلے کبھی تاریخ میں نہیں دیکھی گئی، قوم اپنی حقیقی آزادی کے حصول کے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔



اپنا تبصرہ بھیجیں