پی ٹی آئی سینیٹر سیف اللہ کی بلاول سے ملاقات، این اے 194 سے دستبرداری کا اعلان
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلاول ہاؤس لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو سے ملاقات کی۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں سیف اللہ ابڑو نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 194 سے انتخابات سے دستبرداری کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہ پی پی کے ساتھ مل کر شیر کا راستہ روکیں گے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹرسیف اللہ ابڑو کوپارٹی پالیسی کی خلاف ورزی اور بلاول بھٹو کےحق میں دستبرداری پر شوکاز نوٹس جاری کردیا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پارٹی قیادت کے علم میں آیا ہے کہ آپ نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کی ہے اور بلاول بھٹوزرداری کےحق میں پارٹی کی طرف سے دیےگئے ٹکٹ سےدستبرداری کا اعلان کیا ہے۔
نوٹس کے متن کے مطابق سیف اللہ ابڑو سینیٹ آف پاکستان میں پارٹی کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہوئے، پارٹی نے عام انتخابات2024 میں حصہ لینےکےلیے پارٹی ٹکٹ سے نوازا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سیف اللہ ابڑو پارٹی کو 3 دن کے اندر وضاحتی بیان جمع کرائیں اور جواب نہ دینے کی صورت میں پارٹی پالیسی اور قواعدوضوابط کےمطابق مزیدکارروائی کی جائے گی۔
خیال رہے کہ بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 194 سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں