پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اعلان کیا ہے کہ کل لاہور میں گورنر ہاؤس کے سامنے احتجاج کیا جائے گا اور کسی غیرآئینی اقدام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
لاہور میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتےہوئے حماد اظہر نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کو ماورائے آئین مذاق بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، پاکستان تحریک انصاف کے مینڈیٹ کی توہین کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے اراکین صوبائی اسمبلی کو ٹیلی فون آرہے ہیں، اس طرح زرداری راج کے پیسے پنجاب کے معاملات کے اندر چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
رہبنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عوام اس پر خاموش نہیں رہیں گے، اس پر عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ کل گورنر ہاؤس کے سامنے زبردست اجتماع کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو غیرآئینی اقدامات نہیں کرنے دیں گے اور عوام اپنے آپ کو دکھائیں گےکہ وہ کیا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کل عمران خان 5 بجے خطاب کریں گے اور کل ایک ضروری دن ہوگا۔
حماد اظہر نے کہا کہ عوام سوموٹو ایکشن لیں گے اور کل 5 بجے ہم وہاں پہنچیں گے اور خاموش تماشائی نہیں بنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئین نے گورنر اور وفاق سمیت ہر ادارے کے لیے آئین نے جو حدود مقرر کی ہیں، ان کو جو عبور کرے ان پر اب آرٹیکل 6 لگے گا۔