اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو لاہور ہائی کورٹ کا حکم نامہ تاحال موصول نہیں ہوا جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 43 اراکین اسمبلی کے استعفوں کی منظوری معطل کی گئی ہے۔
راجا پرویز اشرف کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے 43 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کا حکم معطل کرتے ہوئے متعلقہ حلقوں میں ضمنی انتخابات تاحکم ثانی روک دیے تھے جس کے بعد پی ٹی آئی کے مذکورہ اراکین آج پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنا شروع ہو گئے۔
اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے آج جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں راجا پرویز اشرف نے کہا کہ انہیں لاہور ہائیکورٹ کا حکم موصول نہیں ہوا اور نہ ہی یہ ان کے علم میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہمارے سامنے کوئی آرڈر نہیں ہے، ہم اسے پڑھ نہیں سکتے اور نہ ہی اس کی تفصیلات جان سکتے ہیں‘۔
راجا پرویز اشرف نے کہا کہ حکومت کو اس معاملے میں صرف ایک پارٹی بنایا گیا ہے وہ بھی ہم نے ٹیلی ویژن پر سنا اور کوئی نوٹس نہیں ملا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے یقین ہے کہ ایک بار فیصلہ آجائے اور ہم اسے پڑھ لیں، ہم اپنے وکلا اور ماہرین سے مشورہ کریں گے اور پھر آگے کا راستہ طے کریں گے‘۔