لاہور: پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن لاہور نے دعویٰ کیا ہے کہ عالمی وبا قراردیے جانے والے کورونا وائرس کے صرف پنجاب میں غیر تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد دو کروڑ ہے
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن لاہور کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ سید مسعود نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت مہلک وبا میں مبتلا مریضوں اور بیماری کے متعلق حقائق چھپانے کے بجائے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائے۔
صدر پی ایم اے ڈاکٹر صاحبزادہ سید مسعود نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ صرف لاہور میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 35 لاکھ سے کم نہیں ہے۔
حکومت پنجاب کو کڑی نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت زبانی جمع خرچ کے سوا کچھ نہیں کررہی ہے
انہوں نے کہا کہ جب لاک ڈاؤن سخت کرنے کی ضرورت تھی تو حکومت نے لاک ڈاؤن کھول دیا۔ انہوں نے اس ضمن میں مثال دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عصر کے وقت روزہ توڑ دیا ہے۔
پی ایم اے لاہور کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ سید مسعود کا کہنا تھا کہ اب ماسک لگائے اور ہاتھ دھوئے بغیر اس بیماری سے نہیں بچ سکتے ہیں
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے لیے تمام ضروری حفاظتی سامان مہیا کیا جائے اور متاثرہ ڈاکٹروں کو قرنطینہ کرنے کے لیے علیحدہ اسپتال بنایا جائے