چیف جسٹس کی سربراہی میں پنجاب انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت آج سپریم کورٹ میں ہوگی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی نظر ثانی درخواست پر سپریم کورٹ آج سماعت کرے گا۔ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی خصوصی بینچ سماعت کرے گا۔ جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منیب اختر بھی بینچ میں شامل ہیں۔
اس سے قبل ملک میں ایک ہی دن انتخابات کرانے سے متعلق سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ سپریم کورٹ نے مذاکراتی عمل کیلئے کوئی ڈائریکشن نہیں دی، پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکم نامہ برقرار رہے گا۔
حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ سپریم کورٹ سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکراتی عمل کو سراہتی ہے۔ سیاسی جماعتیں انتخابات ایک دن کرانے پر متفق ہوتی ہیں تو یہ قابلِ ستائش عمل ہے۔ عدالت واضح کرتی ہے کہ مذاکراتی عمل میں عدالت کا کوئی کردار نہیں۔
خیال رہے کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے 14 مئی کو پنجاب بھر میں انتخابات کرانے کا حکم دے رکھا تھا۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے 4 اپریل کے فیصلے کو عدالت عظمٰی میں چیلنج کیا گیا تھا۔
دوسری طرف پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آج بروز پیر سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کرنے کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔