مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کی فروخت کا معاہدہ طے پاجانے کے بعد دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کمپنی کے نئے مالک بن گئے۔رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے ایلون مسک کی بھاری رقم کی پیش کش قبول کرلی ہے، جس کے بعد کچھ دستاویزی کارروائیوں کے بعد ٹوئٹر ایلون مسک کی ملکیت بن جائے گا۔
ٹوئٹر منتظمین نے ایلون مسک کے ساتھ ڈیل کرنے کی رضامندی کی تصدیق کردی، جس کے بعد اب دنیا کے ارب پتی امریکی شخص ٹوئٹر کے اکیلے مالک بن جائیں گے۔
معاہدے کے تحت ٹوئٹر کے بانی اور شریک بانی سمیت اس کے تمام شیئر ہولڈرز کو مجموعی طور پر 44 ارب ڈالر یعنی اس وقت 82 کھرب روپے سے زائد کی رقم ملے گی۔خریداری کے معاہدے کے تحت ہر شیئر ہولڈر کو فی حصص 54 ڈالر یعنی پاکستانی 4 ہزار 200 روپے کی رقم ملے گی۔
ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کو خریدے جانے کے بعد ٹوئٹر اب عوامی کمپنی نہیں رہے گی اور وہ واحد شخص کی ملکیت کے طور پر نجی کمپنی ہوجائے گی اور اس کے زیادہ تر فیصلوں کا اختیار بھی ان کے پاس ہی ہوگا۔
ایلون مسک نے ابتدائی طور پر دو ہفتے قبل ٹوئٹر کو خریدنے کے لیے 44 ارب ڈالر کی پیش کش کی تھی، جس پر ابتدائی طور پر مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ کے بانی اور شریک بانی سمیت اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور شیئر ہولڈرز نے مخالفت کی تھی۔
تاہم بعد ازاں ایلون مسک کی جانب سے کی گئی پیش کش پر تمام شیئر ہولڈرز اور مالکان راضی ہوگئے اور اب ایلون مسک اور ٹوئٹر کے درمیان حتمی دستاویزات پر دستخط ہونے کے بعد ٹوئٹر ایلون مسک کی ملکیت بن جائے گی۔
ایلون مسک کی جانب سے 44 ارب ڈالر میں ٹوئٹر کو خریدے جانے کی ڈیل کو اب تک کی ٹیکنالوجی انڈسٹری کی سب سے بڑی ڈیل کہا جا رہا ہے، کیوں کہ گزشتہ دو دہائیوں میں کوئی بھی انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کی کمپنی اور ایپلی کیشن اتنی بڑی خطیر رقم میں فروخت نہیں ہوئی۔