یونان کے وزیراعظم کریاکوس میتسوتاکیس نے ٹرین حادثے میں متاثرہ فیملیز سے معافی مانگ لی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یونان کے وزیراعظم نے ٹرین حادثے میں ہلاک ہونے والے 57 افراد کے اہلخانہ سے سوشل میڈیا کے ذریعے معافی مانگی جس میں انہوں نے فیس بک پر جاری بیان میں حادثے کا ذکر کیا اور کہا کہ ایک ہی لائن پر دو مختلف سمتوں سے آنے والی ٹرینیں نہیں چل سکتیں۔
اس سے قبل یونان کے وزیراعظم اس حادثے کو انسانی غلطی قرار دے چکے ہیں۔
دوسری جانب 28 فروری کو یونان میں ہونے والے اس ٹرین حادثے کے بعد سے احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے جس میں ایتھنز میں ہونے والے مظاہرے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
پولیس کا کہنا ہےکہ ایتھنز میں ہونے والے مظاہرے میں 12 ہزار سے زائد افراد شریک تھے جس دوران پولیس کے 7 افسران زخمی ہوئے جب کہ 5 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق مظاہرے میں شریک افراد نے پیٹرول بموں کا استعمال کیا جس کے بعد پولیس کی جانب سے آنسو گیس فائر کیے گئے جب کہ مظاہرین نے سیاہ رنگ کے غباروں کو فضا میں چھوڑ کراپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔
یونان میں 28 فروری کو دو ٹرینوں کے درمیان تصادم ہوا جس میں 57 افراد ہلاک ہوئے