وفاقی کابینہ نے قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کردی۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی صورتحال پر غور کیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نےقومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کردی جبکہ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 3 اور 11 مئی کے بھی فیصلوں کی توثیق کی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ پیٹرولیم پر فراہم کردہ ریلیف عوام تک نہ پہنچانے والوں کےخلاف کارروائی کی بھی منظوری دی گئی اور وزارت داخلہ کو پیٹرولیم مصنوعات پر ریلیف عوام کو نہ پہنچانے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی۔
خیال رہے کہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں فوجی اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ سلامتی کمیٹی نے فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کے خلاف آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کے فیصلے کی تائید کی تھی۔