وفاقی سرکاری ملازمین کے ڈیلی اور سفری الاؤنس میں 50 فیصد تک اضافہ کردیاگیا

اسلام آباد: وزارت خزانہ نے سرکاری ملازمین کے سفری اور ڈیلی الاؤنس میں اضافہ کردیا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ ایک سے 22 تک کے ملازمین کے سفری اور ڈیلی الاؤنس میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جس پر عملدرآمد رواں سال یکم جولائی سے ہی ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 22کے افسر کا ڈیلی الاؤنس 7200، گریڈ 21 کا 6 ہزار، گریڈ 20 اور 19 کا 4920، گریڈ 18اور 17کا 3840، گریڈ 16 سے 12 کا 2160 جب کہ گریڈ 11 سے 5 کے ملازم کا ڈیلی الاؤنس 1320 روپے ہوگا۔

سرکاری ملازمین کے لیے ٹرانسپورٹ الاؤنس میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق ٹرانسپورٹ الاؤنس میں کارکے لیے 7.50 روپے اور موٹر سائیکل کے لیے 3.75 روپے فی کلو میٹر اضافہ کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ذاتی کارکے استعمال کی صورت میں سفری الاؤنس 15روپے اور موٹرسائیکل کے استعمال کی صورت میں 6 روپے فی کلومیٹر کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق  ٹرانسپورٹ اور ڈیلی الاؤنس بڑے شہروں کے لیے نافذ العمل ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں