وزیراعظم عمران خان نے چینی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ عمران خان سے چینی کمپنیوں کے سربراہان کے وفد نے ملاقات کی جس میں چینی سفیر نونگ رانگ بھی موجود تھے۔
اعلامیے کے مطابق وفاقی وزراء حماد اظہر، شوکت ترین، اسد عمر اور عبدالرزاق داؤد سمیت دیگر بھی ملاقات میں موجود تھے۔
حکومتی اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ چینی وفد نے پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو سراہا اور سرمایہ کاری کے لیے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت ‘ایز آف ڈوئنگ بزنس’ کی پالیسی پر تندہی سے عمل پیرا ہے، سرمایہ کاروں کو مراعات فراہم کی جارہی ہیں اور انتظامی امور کو آسان بنایا جا رہا ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے چینی وفد کو ماہانہ اجلاس کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان چین سے صنعتی شعبے کی ترقی سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے، چینی سرمایہ کاری سے پاکستان میں روزگار کے مواقع ملیں گے اور افرادی قوت ہنر سیکھے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں درمیانی اور چھوٹی صنعت کی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں، چینی کمپنیاں پاکستان میں درمیانی اور چھوٹی صنعت میں کردار ادا کر سکتی ہیں، ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے