وزیر خارجہ بلاول بھٹو شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کیلئے بھارت پہنچ گئے

کراچی: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے بھارت   کے شہر گوا پہنچ گئے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھارت کے شہر گوا میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے کراچی سے روانہ ہوئے تھے،  وزیر خارجہ  خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی سے براہ راست گوا  پہنچے۔

  بلاول بھٹو زرداری سیکریٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید اور وزارت خارجہ حکام کے ہمراہ پہنچے ہیں ، گوا پہنچنے پر بلاول بھٹو زرداری کا استقبال بھارتی حکام نے کیا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 2 روز تک بھارت میں قیام کریں گے۔

وزیر خارجہ کا بیان

بھارت روانگی سے قبل سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ گوا میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے، ان کا جانا یہ واضح پیغام بھیجتا ہےکہ پاکستان ایس سی او کوکتنی اہمیت دیتا ہے اور اپنی اس ممبر شپ کو کتنی سنجیدگی سے لیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اس تنظیم میں شامل ممالک کے ساتھ باہمی روابط کا منتظر ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں