وزیر اعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کو ٹیلیفون کر کے اسٹیٹ بینک میں ایک ارب ڈالر کے ڈیپازٹ پر شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا ، اس کے علاوہ امارات میں پاکستانی مزدوروں کیلئے بہتر مواقع پیدا کرنے پر بھی بات چیت ہوئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور شیخ محمد بن زید النہیان نے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ یو اے ای کی مدد سے آئی ایم ایف کے ا سٹینڈ بائی ایگریمنٹ کو طے کرنے میں مدد ملی، پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے میں مدد پر شکریہ ادا کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ ہماری حکومت نے بامعنی اصلاحات کی ہیں، اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل کی تشکیل کا محور ہول آف دی گورنمنٹ اپروچ ہے، ادارہ جاتی سطح پر انتظام نے پاکستان کی معیشت کوٹھوس معاشی روڈ میپ دیا ہے۔
اس موقع پرشیخ محمد بن زاید النہیان نے کہا کہ پاکستان کیساتھ قریبی دوستانہ اور برادرانہ تعلقات ہیں، برادر پاکستان کی مدد کرنا ہماری ذمہ داری تھی، وزیراعظم شہباز شریف شاندار قائدانہ صلاحیتیوں کے مالک ہیں، مجھے اعتماد ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف پاکستان میں بڑی تبدیلی لائیں گے۔
وزیر اعظم نے یو اے ای کے صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔