محمد طاہر رائے نئے ڈی جی ایف آئی اے مقرر

وفاقی حکومت نے ثنااللہ عباسی کی جگہ محمد طاہر رائے کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کا نیا سربراہ مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے جاری اعلامیے کے مطابق گریڈ 21 کے افسر محد طاہر رائے کا ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کے عہدے پر تقرر اور تبادلہ کردیا گیا ہے۔طاہر رائے اس سے قبل قومی انسداد دہشت گردی اتھارٹی (نیکٹا) میں نیشنل کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔

نئے ڈی جی ایف آئی اے طاہر رائے کو ثنااللہ عباسی کی جگہ یہ عہدہ سونپا گیا ہے۔

گریڈ 22 کے افسر ثنااللہ عباسی کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد فوری طور پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کابینہ کے اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ محمد طاہر رائے کو ڈی جی ایف آئی اے تعینات کیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت تبدیل ہونے کے بعد سے وفاق اور صوبہ پنجاب میں بڑے پیمانے پر تبادلوں اور تقرریوں کا سلسلہ جاری ہے۔

اس سے قبل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقت اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو زاہد خان کا تبادلہ کر کے ان کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سپرد کردی گئی تھیں۔

حمزہ شفقت کی جگہ ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 19 کے افسر عرفان نواز کو نیا ڈپٹی کمشنر اسلام آباد تعینات کردیا گیا تھا، عرفان نواز اس سے قبل بلوچستان کی صوبائی حکومت کے ماتحت کام کر رہے تھے۔

اسی طرح ایف آئی اے لاہور کے ڈائریکٹر محمد رضوان 11 اپریل 2022 سے مکمل تنخواہ پر چھٹی لے کر چلے گئے تھے۔

ایف آئی اے کے ایک ذرائع نے ہفتے کے روز ڈان کو بتایا تھا کہ محمد رضوان وفاقی حکومت میں تبدیلی کے بعد اپنے ‘یقینی تبادلے’ کے پیش نظر چھٹی پر چلے گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ نئی حکومت جو پہلا حکم دے سکتی ہے وہ محمد رضوان کے تبادلے کا ہوگا کیونکہ شہباز شریف ان سے خوش نہیں تھے، شہباز شریف کا ماننا تھا کہ محمد رضوان ان کے اور ان کے اہلخانہ کے خلاف عمران خان کی ایما پر بنائے گئے مقدمات میں شہزاد اکبر سے ڈکٹیشن لیتے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں