لاہور میں جہانگیر ترین گروپ کا اہم اجلاس شروع ہوگیا ہے، جہانگیر ترین کے گھر پنجاب کے صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی پہنچ چکے ہیں، علیم خان بھی اجلاس میں موجود ہیں۔
پنجاب کے وزیر زراعت نعمان لنگڑیال، اجمل چیمہ، عبدالحئی دستی، لالہ طاہر رندھاوا، آصف نکئی اور خرم لغاری جہانگیر ترین کے گھر پہنچ چکےہیں۔
سابق صوبائی وزیر علیم خان بھی جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر پہنچ چکے ہیں ، اجلاس میں جہانگیر ترین لندن سے وڈیو لنک پر شریک ہیں۔
کیا جہانگیر ترین اور علیم خان کا ہدف پنجاب کی وزارت اعلیٰ ہوگی؟ اس سوال پر ترین گروپ کے رکن عون چوہدری نے کہا کہ آگے آگے دیکھیں ہوتا ہے کیا۔
علیم خان اور جہانگیر ترین کے ساتھ کتنے ارکان ہیں؟
ذرائع کا بتانا ہے کہ علیم خان ایک ماہ میں 10 وزراء سمیت 40 ارکان صوبائی اسمبلی سے رابطے کر چکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں جہانگیر ترین کے ساتھ 20 ایم پی اے ہیں، جہانگیرترین کے 20 ایم پی اے بھی اپوزیشن کا ساتھ دیں تو پنجاب میں عدم اعتماد ہو سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین اور علیم خان گروپ 65 ارکان کی حمایت کا دعویٰ کرتے ہیں، دونوں مضبوط گروپ بناکر وزیراعلیٰ پنجاب کا مطالبہ رکھ سکتے ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ن لیگ کی جانب سے وفاق میں ترین گروپ سے حمایت کی کوئی بات نہیں کی گئی۔