لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے گھر پر اہم سیاسی بیٹھک ہوئی جس میں پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے شرکت کی۔
سابق صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری وفد کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے ملاقات کے لیے ان کے گھر پہنچے تو جے یو آئی ف اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پہلے ہی شہباز شریف کی رہائش گاہ پر موجود تھے جہاں تینوں رہنماؤں کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی رہائش گاہ پر اپوزیشن رہنماؤں کو ظہرانہ دیا گیا جس کے بعد پیپلز پارٹی کی قیادت شہبازشریف کی رہائش گاہ سے روانہ ہوگئی۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین آصف علی زرداری وفد کے ہمراہ روانہ ہوئے۔
ذرائع کے مطابق سیاسی رہنماؤں کی ملاقات میں تحریک عدم اعتماد اور لانگ مارچ سمیت دیگر آپشنز پر غور کیا گیا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ ملاقات میں حکومتی اتحادیوں کےمطالبات سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق حکومت کی اتحادی جماعتیں فوری طور پر نئے انتخابات کی حامی نہیں ہیں، پیپلزپارٹی بھی حکومتی اتحادی جماعتوں کے
مؤقف کی حامی ہے، مسلم لیگ ن ، مولانا فضل الرحمان اور پی ڈی ایم فوری انتخابات کی حامی ہیں۔
علاوہ ازیں آج شب بلاول ہاؤس لاہور میں حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی بھی ملاقات کیلئے آئیں گے جبکہ مولانا فضل الرحمان بھی چوہدری برادران سے ملنے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز آصف زرداری اور شہباز شریف کی ملاقات میں عثمان بزدار یا اسد قیصر کے بجائے پہلے عمران خان کے خلاف عدم اعتماد تحریک لانے پر اتفاق ہوا ہے۔