فراڈکیس میں ضمانت منظور ہونےکے بعد علی زیدی جیل سے رہا ہوگئے

فراڈکیس میں ضمانت منظور ہونےکے بعد  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی زیدی  ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے رہا ہوگئے۔

علی زیدی کی رہائی کے موقع پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد ڈسٹرکٹ جیل ملیر کے باہر موجود تھی، جنہوں نے رہائی کے بعد علی زیدی کو پھولوں کا ہار پہنا کر  ان کا استقبال کیا۔

اس سے قبل فراڈ کیس میں جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت نے علی زیدی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں  10 ہزار روپےکے مچلکے جمع کرانےکا حکم دیا تھا۔

علی زیدی کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران مدعی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہماری عدالت سے باہر سیٹلمنٹ ہو چکی ہے، مدعی مقدمہ ملک سے باہر ہیں۔

ضمانت کی درخواست سے قبل آج صبح فراڈ کے مقدمے میں جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر نے علی زیدی کو  جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنےکا حکم دیا تھا۔

عدالت نے علی زیدی کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع سے متعلق تفتیشی افسر کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں 30 اپریل تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنےکا حکم جاری کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں