پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کی حکومت کے عدم اعتماد کی تحریک کے نتیجے میں جلد ہی خاتمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دوسروں کو چور چور کہنے والے کی کرپشن کی ہوش ربا داستانیں سامنے آنے والی ہیں۔
لاہور سے 26 مارچ کو شروع ہونے والے مہنگائی مکاؤ لانگ مارچ اسلام آباد پہنچنے کے بعد ہونے والے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمرا خان کی کارکردگی کے باعث ان کے اپنے لوگ چھوڑ کر بھاگ گئے۔
وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب بندریا کے پاؤں جلنے لگتے ہیں تو وہ اپنے بچوں پر پاؤں رکھ دیتی ہے، عمران خان کے پاؤں جلنے لگے تو انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے اوپر پاؤں رکھ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑے لیڈر بنتے ہیں، اتنے بڑے لیڈر تھے تو خود پانی میں چھلانگ لگادیتے، جب خود ڈوبنے لگے تو عثمان بزدار کو دھکا دے دیا، آج اقتدار کی کشتی ڈوبتے دیکھ کر اسے پانی میں پھینک دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان ایک احسان فراموش شخص ہے، اس کے شر سے کبھی کوئی محفوظ نہین رہا، جہانگیر ترین کا پیسہ کھایا، اس کا جہاز استعمال کیا، یہ اس کا بھی نہیں ہوا، علیم خان کا پیسہ استعمال کیا، اس کا بھی نہیں ہوا، جو شخص اپنے محسنوں کا نہیں ہوسکا تو کیا وہ قوم کا ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشتی ڈوبنے لگی تو کہا کہ عالمی سازش ہوگئی، کیا تم نے ایٹمی دھماکے کیے ہیں جو تمہارے خلاف عالمی سازش ہوگی، تم نے کون سے ایٹمی دھماکے کیے ، تم نے کون سی 5 ارب ڈالر کی امداد ٹھکرائی تھی جو تمہارے خلاف عالمی سازش ہوتی۔
ان کا کہنا تھا کہ جن کے سروں میں خدائی سما جائے ان کا یہی حشر ہوتا ہے جو وزیر اعظم عمران خان کا ہوا ہے، جن کی صبح گالیوں اور بدتمیزی سے شروع ہو اور رات بدتمیزی پر ختم ہو ان کا یہی حشر ہوتا ہے۔
نائب صدر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ عمران خان نے گزشتہ روز اپنا جلسہ کامیاب بنانے کے لیے سرکاری وسائل استعمال کیے اور 12 ٹرینیں چلائیں اور اس کے باوجود 10 ہزار بندے نہیں لا سکے، آج عمران خان کو الوداع کہنے آئے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ کل ایک شخص پریڈ گراؤند میں جلسے میں رو رہا تھا، یہ ابھی اس کے رونے کی ابتدا ہے، آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا، یہ ابھی اور روئیں گے، آنے والے دن حکومت کے لیے بہت سخت ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کل عمران خان سرکاری وسائل خرچ کرنے کے باوجود 10 لاکھ تو کیا 10 ہزار کا مجمع بھی نہیں لگا سکے، عمران خان پاکستان کے عوام کا اعتماد کھو چکے ہیں، عمران خان پارلیمنٹ کا اعتماد کھو چکے ہیں، جو شخص اقتدار میں ہوتے ہوئے 16 میں سے 15 ضمنی الیکشن ہار جائے کیا اسے وزیراعظم ہاؤس میں رہنے کا حق حاصل ہے, کیا اس سے ملک کی تقدیر کے فیصلے کرنے کا اختیار حاصل ہے۔
وزیراعظم کے گزشتہ روز دکھائے گئے خط سے متعلق بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ خط خفیہ ہے، خط میں لکھا ہے کہ ڈیئر عمران خان امید ہے آپ خیرت سے ہوں گے، ہم آپ کو اطلاع دے رہے ہیں کہ ہم آپ کے خلاف عالمی سازش تیار کر رہے ہیں، خط میں لکھا ہے کہ عالمی سازش کا ثبوت ہم آپ کو خود فراہم کر رہے ہیں تاکہ آپ خود جلسوں میں لہرا لہرا کر عوام کو دکھاسکیں، منجانب عالمی طاقتیں اور خط بذریعہ کبوتر بنی گالا پہنچایا گیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ کہ کیا ملک میں مہنگائی کرنا عالمی سازش تھی، عمران خان ایک بزدل شخص ہیں جو اپنی ہر ناکامی کا الزام دوسروں پر لگاتے آئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ملک میں فیصلے بنی گالا میں جادو ٹونے سے کیے جاتے ہیں یا فرح نامی خاتون کو رشوت دے کر کیے جاتے ہیں، پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکینڈل فرح نامی خاتون کا اسکینڈل ہے’۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف اگر کوئی عالمی سازش ہوئی ہے تو عالمی سازش کا سب سے بڑا آلہ کار عمران خان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ شخص ہے جس کو کلمہ پڑھنا نہیں آتا، جس کو خاتم النبین کہنا نہیں آتا، جس کے جلسے میں مغرب کے وقت فجر کی اذان دی گئی، کیا ایسے شخص کو مذہب کا نام لینا زیب دیتا ہے، ایسے شخص نے مذہب کارڈ استعمال کرکے ہمارے پارٹی کے لوگوں پر حملہ کروایا، یہ وہ شخص ہے جس نے ختم نبوت کا کارڈ استعمال کرکے مسلم لی (ن) کے رہنماؤں ہر حملے کروائے۔
مریم نواز نے وزیر اعظم پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اتنا بڑا بد تمیز اور بد تہذیب پاکستان میں کبھی کسی نے نہیں دیکھا، یہ شخص جلسوں میں نوجوان نسل کو بدتمیزی اور بد تہذیبی سکھاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ کہتا تھا کہ مریم نواز نے ایک دن کام نہیں کیا ، خدا کا خوف کرو، چلے ہو مریم نواز سے مقابلہ کرنے، مریم نواز نے بغیر کسی جرم کے جیل کاٹی، سزائے موت کے قیدیوں کی چکی میں رہی۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عمران خان کو آخری دھکا دیا جائے اور اس کو الوداع کہا جائے۔