شانگلہ خودکش حملہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی چینی سفارتخانے پہنچ گئے

شانگلہ میں ہونے والے خودکش دھماکے میں چینی باشندوں کی ہلاکت کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی سفارتخانے میں چینی سفیر سے ملاقات کی ہے۔

محسن نقوی نے چینی سفیر کو دھماکےکی تمام تفصیلات اور ہلاکتوں کے بارے میں آگاہ کیا اور  جائے وقوعہ پر جاری ریسکیو  آپریشن سے بھی چینی سفیر کو  آگاہ کیا۔

وزیرداخلہ نے شانگلہ میں دہشت گرد حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم اپنے چینی بھائیوں کےغم میں برابر کی شریک ہے۔

محسن نقوی نےکہا کہ واقعےکی جامع تحقیقات کویقینی بنا کر ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان برادرانہ تعلقات پرحملہ ناقابل برداشت ہے، عظیم دوطرفہ تعلقات کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں