سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ( ایس این جی پی ایل) نےگیس کی اوسط قیمت میں بڑے اضافےکی درخواست کردی۔
سوئی ناردرن کی جانب سے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو گیس کی اوسط قیمت میں157.50 فیصد اضافےکی درخواست دی گئی ہے۔
سوئی ناردرن کی گیس کی قیمت میں اضافے سے متعلق درخواست کی یکم دسمبرکو لاہور میں عوامی سماعت ہوگی۔
خیال رہے کہ گیس کی قیمت میں اضافے کی درخواست ایسے وقت کی گئی ہے جب پہلے ہی ملک بھر میں صارفین گیس کی قلت کا شکار ہیں۔
ملک میں گیس کا بحران شدت اختیار کرچکا ہے اور کراچی سے پشاور تک گیس غائب ہے۔
سردیوں میں اضافے کے ساتھ ہی گیس کی کمی کے مسئلے نے عوام کو نئی پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، صبح کے آغاز سے دن کے اختتام تک کہیں گیس پریشر نہ ہونے کے برابر ہے تو کہیں گیس کا کوئی نام و نشان نہیں جس کے باعث بچے بڑے ناشتے کے بغیر گھر سے نکلنے پر مجبور ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی اتنی بڑھ گئی ہے کہ ہر بار باہر سے کھانا خریدنے کی سکت نہیں۔