سابق صدر رفیق تارڑ 92 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

پاکستان کے سابق صدر رفیق تارڑ طویل علالت کے بعد 92 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

رفیق تارڑ کے انتقال کی تصدیق ان کے پوتے اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے ٹوئٹ کے ذریعے کی۔ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان رہنما عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ رفیق تارڑ عرصہ دراز سے علیل تھے، انہیں سانس، ذیابیطس اور پھیپھڑوں کے امراض سمیت متعدد بیماریاں تھیں۔

سابق صدر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف ان کے لیے مغفرت کی دعا کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ سابق صدر مملکت، ہمارے شفیق اور مہربان بزرگ، زیرک قانون دان، انصاف پسند جج اور نہایت اچھے انسان محترم رفیق تارڑ بھی رخصت ہوگئے، اللہ تعالی ان کے درجات بلند فرمائے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے وہ ایک قابل احترام بزرگ کا درجہ رکھتے تھے جنہوں نے ہر مرحلے پر نہ صرف ہماری مخلصانہ رہنمائی فرمائی بلکہ اپنی دانش مندی، فہم وفراست اور بردباری سے معاملہ فہمی میں بھی ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا۔

مسلم لیگ کے صدر کا کہنا تھا کہ ’رفیق تارڑ کی وفات ایک ذاتی صدمہ ہے، ان کی کمی ہمیشہ ہر قدم پر محسوس ہوتی رہے گی، اللہ تعالی تمام وابستگان کو صبر جمیل دے‘۔

اظہار تعزیت

صدر مملکت عارف علوی نے رفیق تارڑ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے مغفرت جبکہ اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔وزیر اعظم عمران خان نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور سوگواران کو صبرِ جمیل عطا کرے۔چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی محمد رفیق تارڑ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

سابق صدر پاکستان محمد رفیق تارڑ کی نماز جنازہ 7 مارچ کو بعد نماز عصر 4 بجکر 45 منٹ پر جامعہ اشرفیہ لاہور میں ادا کی جائے گی۔

دوسری نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے گکھڑ میں بعد نماز عشا، پرانی عید گاہ، پیر کوٹ روڈ پر 8 بجکر 30 منٹ پر ادا کی جائے گی۔

رفیق تارڑ کا پیشہ ورانہ سفر

رفیق تارڑ 2 نومبر 1929 کو منڈی بہاالدین میں پیدا ہوئے تھے، انہوں نے 1951 میں پنجاب لا کالج سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی۔

وہ 17 جنوری 1991 سے یکم نومبر 1994 تک سپریم کورٹ کے جج رہے، اس سے قبل 6 مارچ 1989 سے 31 اکتوبر 1991 تک لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔

بعد ازاں رفیق تارڑ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرلی تھی، ان کی بہو سائرہ افضل تارڑ بھی مسلم لیگ (ن) کی رہنما ہیں۔

مرحوم یکم جنوری 1998 سے 20 جون 2001 تک پاکستان کے 9ویں صدر کے عہدے پر فائز رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں