دوحہ: امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے افغان طالبان کے نائب سربراہ ملا عبدالغنی برادر سے ملاقات کی۔
امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد افغان امن عمل کی کوششوں کے سلسلے میں طالبان قیادت سے مذاکرات کے لیے قطر پہنچ گئے ہیں۔
افغان خبر رساں ادارے کے مطابق افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے بتایا کہ افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے بدھ کو افغان طالبان کے نائب سربراہ ملا عبدالغنی برادر سے قطر میں ملاقات کی جس میں قیدیوں کی رہائی، انٹرا افغان مذاکرات اور امریکا طالبان امن معاہدے پر بات چیت کی گئی
افغان میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے بدھ کو جاری بیان میں بتایا تھا کہ زلمے خلیل زاد 5 مئی کو دوحہ، نئی دلی اور اسلام آباد کے دورے کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ زلمے خلیل زاد طالبان کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے جس میں وہ امریکا طالبان معاہدے پر عملدرآمد کے لیے دباؤ ڈالیں گے جب کہ وہ نئی دلی میں بھارتی حکام سے بھی ملاقات کریں گے جس میں افغانستان اور خطے میں مستحکم امن کے لیے بھارت کے کردار کی اہمیت پر بات کریں گے۔
اس کے علاوہ زلمے خلیل زاد اسلام آباد میں پاکستانی حکام سے ملاقات میں بھی افغان امن عمل کے سلسلے میں بات چیت کریں گے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ اپنے دورے میں زلمے خلیل زاد افغانستان میں پرتشدد واقعات میں فوری کمی کی حمایت، انٹرا افغان مذاکرات کے آغاز اور افغانستان میں کورونا کے خاتمے کے لیے فریقین پر تعاون کے لیے زور دیں گے۔