وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کے خلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن دائرکرنےکا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ میں پٹیشن علی امین گنڈا پور کی مبینہ آڈیو لیک کی بنیاد پر دائر کی جائےگی، مبینہ آڈیو لیک کے مطابق لانگ مارچ میں اسلحہ بردار لائے جا رہے ہیں جس سے خون خرابےکا خدشہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ پٹیشن میں سپریم کورٹ سےلانگ مارچ کے دوران ممکنہ خون خرابے سے آگاہ کیا جائےگا، حکومت کی جانب سے درخواست کی تیاری کا کام شروع کردیا گیا ہے اور جلد سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر ہوگی۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کی مبینہ آڈیو سنائی تھی جس میں مبینہ طور پر علی امین گنڈا پور ایک شخص سے بندوقیں اور بندے لانے کا کہہ رہے ہیں۔