مرکز اور صوبہ پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اہم اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے سینیئر رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت نے نہ حکومت چھوڑی ہے اور نہ ہی اپوزیشن کو جوائن کیا ہے۔
چوہدری پرویز الٰہی نے میڈیا کو جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ ان کی جماعت حکومت کا حصہ ہے جس نے ہر مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیا ہے، ہم حکومت کے اتحادی ہیں البتہ ایک علیحدہ جماعت ہیں۔
واضح رہے کہ پرویز الٰہی نے گزشتہ روز نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کی اینکر مہر بخاری کو دئیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ اپوزیشن کے پاس تحریک عدم اعتماد کے لیے زیادہ نمبرز ہیں اور عمران خان مشکل میں نظر آرہے ہیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اپنے آج کے تازہ بیان میں کہا واضح کیا کہ جماعتوں کے اندر مختلف آرا ہوتی ہیں لیکن فیصلے باہمی مشاورت سے کیے جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ایماندار آدمی ہیں اور ان کی نیت بھی اچھی ہے لیکن اتحادیوں کے ساتھ مشاورت سے چلا جائے تو حکومت کا اپنا فائدہ ہے۔
چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہم عوام کو درپیش مسائل کی نشاندہی آج نہیں بلکہ پہلے دن سے کر رہے ہیں۔
پرویز الٰہی کے حق میں پوسٹرز آویزاں
دوسری جانب لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کے لیے پرویز الٰہی کی تشہیری مہم شروع ہو گئی ہے۔
لاہور میں مسلم لیگ(ق) کے مرکزی دفتر کے باہر پرویز الٰہی کے حق میں پینا فلیکس آویزاں کردیے گئے ہیں۔
اپوزیشن کے پاس اراکین مطلوبہ تعداد سے زیادہ ہیں، پرویز الہٰی
یاد رہے کہ گزشتہ روز نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کی اینکر مہر بخاری کو دیے گئے انٹرویو میں چوہدری پرویز الہٰی نے کہا تھا کہ حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے لیے اپوزیشن کے پاس اراکین مطلوبہ تعداد سے زیادہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس 172 سے زیادہ تعداد میں لوگ ہیں اور نمبر سوچ سے زیادہ ہیں، ہم نے جو محسوس کیا ہے اور دیکھا ہے، بڑے سرپرائزز آنے ہیں دیکھ لینا۔
حکومتی اتحادیوں کی جانب سے حتمی فیصلہ نہ کرنے کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ بہت ساری چیزیں اور بہت سارے لوگوں کو آن بورڈ لایا جارہا ہے، جس کے لیے وقت تو لگے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے سب سے پہلے کہا تھا کہ وزارت اعلیٰ ان کو دی جائے پھر مسلم لیگ (ن) نے بھی یہی کہا لیکن حکومت کے فیصلے کا انتظار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے پیش کش کی تو بلوچستان عوامی پارٹی اور ایم کیو ایم سمیت دیگر کے ساتھ مشاورت کریں گے۔
پرویز الہٰی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان جس طرح دوڑ دھوپ کررہے ہیں تو یہ مشکل میں ہونے کی نشانی ہے اور وہ سو فیصد مشکل میں ہیں۔