جہانگیر ترین پارٹی کو کبھی نقصان نہیں پہنچائیں گے، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین کے ساتھ احترام کا تعلق ہے، وہ پارٹی کے ساتھ ہیں اور پارٹی کو کبھی نقصان نہیں پہنچائیں گے۔

پنڈ داد خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی آواز کو عالمی سطح پر پذیرائی ملتی ہے، سیاسی مخالفین کی آواز عالمی سطح پر نہیں سنی جاتی، عمران خان کے لیول کا کوئی شخص پاکستان میں نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف، بلاول، مریم نواز، فضل الرحمٰن، سیاسی بونے ہیں، مریم نواز اگر ملک سے مخلص ہیں اور مثبت سوچ رکھتی ہیں تو اپنا پیسہ پاکستان میں لائیں، شریف خاندان کا پیسہ اگر پاکستان آ جائے تو ملک کے معاشی حالات بہت بہتر ہو جائیں گے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ابھی ہم نے کافی مذاکرات کے بعد آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر قرض لیا ہے جبکہ مریم نواز کے بھائی نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز کا لندن کا ایک اپارٹمنٹ ہی تقریبا ایک ارب ڈالر کا ہے تو مریم نواز کو چاہیے کہ اپنے والد اور بھائی کو کہیں کہ وہ دولت پاکستان واپس لائیں، اگر یہ دولت پاکستان واپس لائی جائے تو پاکستان کی مالی مشکلات ختم ہوسکتی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جو عدم اعتماد لانا چاہتے ہیں ان پر ان کے گھر والے اعتماد نہیں کرتے، حکومت مضبوط ہے، وفاق اور نہ ہی پنجاب میں خطرہ ہے، یہ منہ اور مسور کی دال، یہ کیا عدم اعتماد لائیں گے، عدم اعتماد شوق سے لائیں، ان کو منہ کی کھانا پڑے گی، اپوزیشن سینیٹ میں اکثریت کے باوجود ہارتی رہی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ایک عالمی سطح کے لیڈر ہیں، ان کی بات کو دنیا میں سنا جاتا ہے ، ان بات کو عالمی سطح پر اہمیت دی جاتی ہے، اسلامو فوبیا سےمتعلق نکتہ نظر ہو یا خطے کی صورتحال میں وزیراعظم کے موقف کو دنیا بھر میں پذیرائی ملی ہے، گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان چین کے کامیاب دورے پر گئے جہاں ان کی اہم ملاقاتیں ہوئیں۔

وزیراعظم عمران خان کے دروہ روس سے متعلق بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ گزشتہ 23 سال کے دوران کسی بھی پاکستانی لیڈر کا یہ پہلا دورہ ماسکو ہے، اور جتنا احترام اور عزت روسی صدر دلادیمیرپوٹن نے وزیراعظم کو دیا اس کی بہت کم مثالیں ملتی ہیں۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ روس بہت اہم ہے، یہ گیم چینجر ثابت ہوگا اور چین کے بعد اب روس کے ساتھ بھی پاکستان کے بہت مضبوط اور گہرے تعلقات قائم ہونے جارہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مراد سعید کے خلاف غلط زبان استعمال کی گئی، پوری قوم مراد سعید کے ساتھ کھڑی ہے، مراد سعید کو سراہتا ہوں انہوں نے آگے بڑھ کر ایف آئی آر درج کرائی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں دوسروں کی عزت نفس کا خیال کرنا چاہیے، آزادی اظہار کے نام پر جس طرح مراد سعید کے بارے میں گفتگو کی گئی اس کی حمایت نہیں کی جاسکتی، دوسروں کی عزتیں اچھالنے والوں کو قانون احترام سکھانا چاہتا ہے تو یہ مثبت بات ہے۔

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ میں پی ٹی آئی جہلم کے رہنماؤں ،عہدیداروں اور کارکنوں کو کہتا ہوں کہ وہ بلدیاتی انتخابات کی تیاری شروع کریں، پی ٹی آئی نے جہلم کے عوام سے کیے تمام وعدے پورے کیے ہیں اور انشااللہ پی ٹی آئی جہلم کے انتخابات میں کلین سوئپ کرے گی۔

وفاقی کابینہ میں توسیع سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کابینہ میں توسیع اور نئے وزرا کی شمولیت سے متعلق غور و خوض جاری ہے، وزیراعظم کچھ وزارتوں میں وزرائے مملکت تعینات کرنا چاہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں