پاکستان میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بین الاقوامی فضائی آپریشن کی بندش میں مزید 15دنوں کی توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل انٹرنیشنل پروازوں کو 30 اپریل تک بند کیا گیا تھا
سول ایوایشن نے ترجمان عبدالستار کھوکھر کے مطابق پاکستان کا بین الاقوامی فضائی آپریشن 15 مئی رات 11 بجکر 59 منٹ بند رہے گا۔
ترجمان کے مطابق خصوصی پروازوں اور چارٹر طیاروں کو پابندی سے استثنی حاصل ہوگا۔
اس کے علاوہ ترجمان کے مطابق بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو لانے کے لیے ریلیف آپریشن میں استمال ہونے والے طیاروں کو بھی پابندی سے استثنی حاصل ہوگا۔
اس سے قبل پاکستان نے دو ہفتوں کے لیے تمام بین الاقوامی پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور پی آئی اے نے بھی اپنی تمام پروازیں ایک ہفتے کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا تھا کہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مشکل فیصلہ کیا گیا۔
ترجمان پی آئی اے عبد اللہ حفیظ نے اردو نیوز کو بتایا تھا کہ حکومت پاکستان نے یہ فیصلہ ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر کیا۔
خیال رہے کہ پاکستان نے اس سے قبل اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے علاوہ تمام ہوائی اڈوں کے لیے بین الاقوامی پروازیں معطل کر نے کا فیصلہ کیا تھا۔
اس سے قبل پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے پاکستان میں پھنسے مسافروں کی وطن واپسی کے لیے خصوصی پروازوں کو ان ممالک میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے منسوخ کر دیا تھا۔
پی آئی اے کے ایک ترجمان کے مطابق برطانیہ اور شمالی امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر صحت اور سیکورٹی کا بغور جائزہ لینے کے بعد مخدوش صورتحال کی وجہ سے شہریوں کی صحت اور سیکورٹی کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت پاکستان نے پی آئی اے کو خصوصی پروازیں چلانے کی اجازت منسوخ کر دی تھی۔