مظفرآباد: صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کو عالمی بارڈر بنانےکی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر میں انتخابات اقوام متحدہ کی قراردادوں کا نعم البدل نہیں ہوسکتے۔
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا کہنا تھا لائن آف کنٹرول کو عالمی بارڈر بنانےکی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں اراکین اسمبلی کی جانب سے کشمیر پر قرارداد پیش کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات واپس لے۔
قرار داد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اقوم متحدہ کی قراردادوں پر عمل کیا جائے تاکہ کشمیری عوام کو جمہوری حق مل سکے۔
کشمیر سے متعلق مشترکہ قرارداد قانون ساز اسمبلی میں متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔