’بلوچ یکجہتی لانگ مارچ‘ کے شرکا اور پولیس میں جھڑپ، متعدد گرفتار


اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ چونگی نمبر 26 اور ایوب چوک میں اہلکاروں پر مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا جس پر متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ بلوچستان بار کونسل نے پولیس تشدد کے خلاف کوئٹہ اور دیگر اضلاع میں احتجاج کا اعلان کیا ہے

دوسری جانب جمعرات کی علی الصبح لاپتہ بلوچ افراد کے لانگ مارچ کی سربراہی کرنے والی ماہ رنگ  بلوچ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’تمام مظاہرین کو گرفتار کر کے مختلف تھانوں میں رکھا گیا ہے۔‘

بعد ازاں ایک بیان میں پولیس نے دعویٰ کیا کہ جی ٹی روڈ اور موٹروے سے اسلام آباد میں داخل ہونے والے راستے پر ’چونگی نمبر 26 میں مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا۔‘
پولیس کے بیان کے مطابق ’ایوب چوک پر بھی مظاہرین کی طرف سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا۔ اور پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے متعدد مظاہرین کو گرفتار کر لیا ہے۔‘
بیان میں کہا گیا کہ ’راستہ روکنے اور سڑکیں بند کرنے والوں کے خلاف  ضابطہ کے مطابق قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ آپ سے گذارش ہے کہ کسی بھی غیر قانونی اجتماع یا پر تشدد مظاہرے کا حصہ نہ بنیں۔ عورتوں اور بچوں کو پر تشدد مظاہروں سے دور رکھیں۔‘
بدھ کی رات پولیس نے کہا تھا کہ ’مظاہرین کے درمیان متعدد نقاب پوش اور ڈنڈا بردار موجود ہیں۔ مظاہرین کو ہائی سکیورٹی زون میں داخلے سے روکنے کے لیے غیر مہلک طریقہ اختیار کیا جا رہا ہے۔ طاقت کے استعمال سے مکمل گریز کیا گیا ہے۔
پولیس نے اعلان کیا تھا کہ ’بزرگوں،عورتوں اور بچوں سے گذارش ہے کہ پرتشدد ہجوم کا حصہ نہ بنیں اور کسی کے بہکاوے میں مت آئیں۔ اسلام آباد کے شہریوں کی جان اور املاک کی حفاظت اسلام آباد پولیس کی  اولین ترجیح ہے۔‘
یہ لانگ مارچ دہشتگردی کے الزام میں حراست میں لئے گئے تربت کے رہائشی بالاچ بلوچ سمیت چار افراد کی پولیس مقابلے میں ہلاکت کے خلاف چھ دسمبر کو مکران ڈویژن کے ضلع کیچ کے علاقے تربت سے شروع ہوا تھا۔
چاروں افراد کو کاؤنٹر ٹیررازم پولیس ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) نے 22 نومبر کی شب ایک مقابلے میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ تاہم لواحقین کا الزام ہے کہ چاروں افراد کو جعلی پولیس مقابلے میں مارا گیا۔
بالاچ کے والد مولا بخش کے مطابق بالاچ کو 29 اکتوبر کو تربت کے علاقے آبسر میں اپنے گھر سے اہلخانہ کے سامنے گرفتار کرکے لاپتہ کردیا تھا اور پھر چند دنوں بعد اس کی گرفتاری ظاہر کرکے عدالت میں پیش کیا گیا
ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے بالاچ کو سی ٹی ڈی پولیس کو جسمانی ریمانڈ پر حوالے کیا مگر اس دوران پولیس نے انہیں جعلی مقابلے میں ماردیا۔ تاہم سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ بالاچ بلوچ کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کا رکن تھا جس کی نشاندہی پر دہشتگردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا گیا جہاں وہ اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا- ان کے تین دہشتگرد ساتھی جوابی پولیس کارروائی میں مارے گئے۔
بلوچستان کے نگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ بالاچ بلوچ خود دہشتگردی کی 11 وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کر چکا تھا
بالاچ بلوچ کی ہلاکت پر سی ٹی ڈی تربت کے چار اہلکاروں کو معطل کر کے ان کے خلاف عدالتی احکامات پر مقدمہ درج کیا گیا۔
بالاچ بلوچ کے لواحقین اور بلوچ یکجہتی کمیٹی نے پہلے کئی دنوں تک میت کے ہمراہ تربت میں دھرنا دیا پھر میت کی تدفین کی لیکن دھرنا دو ہفتے تک جاری رہا۔
 سی ٹی ڈی کو غیر مسلح کرنے، جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت کارروائیوں کی روک تھام اور لاپتہ افراد کی بازیابی جیسے مطالبات لے کر دھرنے کے شرکاء نے 6 مارچ کو تربت سے لانگ مارچ شروع کر دیا۔
 مارچ پنجگور، بسیمہ ، نال، گریشہ، خضدار، سوراب، قلات اور مستونگ سے ہوتا ہوا 11 دسمبر کو  کوئٹہ پہنچا تھا- کوئٹہ میں احتجاج کی اجازت نہ ملنے پر بلوچ یک جہتی کمیٹی نے اسلام آباد کی طرف مارچ شروع کیا۔ کوہلو، بارکھان ، ڈیرہ غازی خان اور تونسہ میں مارچ کے شرکاء کا بڑا استقبال ہوا۔
احتجاج میں لاپتہ افراد کے لواحقین اور خواتین کی بڑی تعداد بھی شریک رہی۔بلوچ یکجہتی کمیٹی کے زیر اہتمام اس مارچ کی قیادت ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور لاپتہ ڈاکٹر دین محمد بلوچ کی بیٹی سمی دین بلوچ کر رہی تھیں۔
ماہ رنگ کے مطابق تربت سے اسلام آباد تک انتظامیہ نے جگہ جگہ  رکاوٹیں کھڑی کرکے مارچ کا راستہ روکنے کی کوشش کی۔ نال، خضدار اور کوہلو میں مارچ کے شرکاء پر تین مقدمات درج ہو چکے ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں