ایک شخص کی ہٹ دھرمی قبول نہیں، الیکشن اپنے وقت پر ضرور ہوں گے: رانا ثنااللہ

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ ایک شخص کی ہٹ دھرمی کسی صورت قبول نہیں، متنازع انتخابات خدانخواستہ ملک کو انارکی اور افرا تفری کی جانب دھکیلیں گے۔

راولپنڈی میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا ملک میں متنازع طریقے سے الیکشن کرانےکی کوشش کی جا رہی ہے، ہم الیکشن سے گھبرانے والے نہیں ہیں، ہم ہمیشہ عوام کی طاقت سے اقتدار میں آئے، الیکشن لڑے اور ووٹ کی طاقت سے منتخب ہو کر آئے۔

ان کا کہنا تھا الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کے ججز میں بھی اتفاق نہیں، اس قسم کا الیکشن ملک کو انارکی اور افرا تفری کی طرف دھکیلے گا، ایسے انتخابات خدانخواستہ ملک کی تباہی کا باعث بنیں گے، ہم اس تباہی کے راستے میں رکاوٹ ہیں۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا ایک شخص کی ہٹ دھرمی کسی صورت قبول نہیں کریں گے، ایک آدمی اپنی انا اور ضد پر اڑا ہوا ہے، کبھی لانگ مارچ اور کبھی عوام کے ذریعے الیکشن چاہتا ہے، الیکشن ضرور ہوں گے لیکن وقت اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی مرضی اور رائے سے، جن الیکشنز پر سیاسی جماعتوں، الیکشن کمیشن اور باقی اداروں کا اتفاق نہیں تو ایسے الیکشن کیسے ہو سکتے ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں