اینٹی کرپشن نے رنگ روڈ اسکینڈل پر تحقیقات کا آغاز کردیا

راولپنڈی: اینٹی کرپشن نے راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل پر تحقیقات کا آغاز کردیا۔

ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی جو قانونی، تکنیکی اور معاشی ماہرین پر مشتمل ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ تحقیقاتی ٹیم نے اسکینڈل کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور مکمل تحقیقات کے بعد اسکینڈل کے تمام حقائق قوم کے سامنے رکھے جائیں گے۔

کیس کا پسِ منظر

خیال رہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل انکوائری مکمل کرنے کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ رنگ روڈ کے اصل نقشے کو تبدیل کر دیا گیا اور اس میں مزید نئے راستے شامل کردیے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان نئے راستوں کا انتخاب ان چند اہم شخصیات کو فائدہ پہنچانے کیلئے کیا گیا، جن کی زمینیں اس راستے پر آتی تھیں جبکہ نئے راستے شامل کرنے پرلاگت میں مزید 25 ارب روپے اضافہ ہو رہا تھا۔

اطلاعات ملی تھیں کہ منصوبے کی لاگت میں 25 ارب روپے اضافہ کیا گیا،کچھ بااثر سیاستدانوں اور مفادپرست گروہوں کے کہنے پر نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو فائدہ دینے کیلئے حدبندی تبدیل کی گئی۔

85 کلومیٹر طویل راولپنڈی رنگ روڈ کی تعمیر پر ابتدائی تخمینہ 40 ارب روپے تھا-

اپنا تبصرہ بھیجیں