اپوزیشن کرپٹ سسٹم کی پیداوار ہے، تبدیلی نہیں چاہتی، وزیر اعظم

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جس معاشرے کی اخلاقیات قائم ہو تو آپ اس قوم کو ایٹم بم سے بھی ختم نہیں کرسکتے اور جب اخلاقیات ختم ہوتی ہے تو کرپشن اپنی جگہ بنا لیتی ہے اور اپوزیشن کرپٹ سسٹم کی پیداوار ہے جو تبدیلی کی خواہش مند نہیں ہے۔

اسلام آباد میں نے ارکان پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ میرے سیاست میں آنے کا مقصد پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا تھا اور اخلاقی قوت کی بنیاد پر انصاف کی فراہمی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام انتخابات متنازع رہے ہیں، 50 برس میں صاف و شفاف انتخابات نہیں کراسکے، سابقہ حکومتوں نے اقتدار میں آنے کے بعد کبھی انتخابی اصلاحات پر کام نہیں کیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ آپ سب کو معلوم ہے کہ سینیٹ کے انتخاب میں کیا ہوتا ہے، اس حوالے سے ویڈیو بھی منظر عام پر آئیں لیکن الیکشن کمیشن اور نہ ہی حکومت کچھ کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں کرپشن کے خلاف ہم نے آواز اٹھائی اور کہا کہ سینیٹ کے انتخابات اوپن بیلٹ ہونے چاہیے، اس میں ہمارا فائدہ کیسے تھا، الیکشن کمیشن کا کام شفاف انتخابات کراناہے تو وہ اور اپوزیشن کیوں مخالفت کررہے تھے۔

عمران خان نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے حوالے سے کہا کہ ای وی ایم سے متعلق عجلت میں فیصلہ نہیں کیا، سابقہ انتخابات سے متعلق 2015 کی جوڈیشل کمیشن کا جائزہ لیا کہ دھاندلی کیسے ہوتے ہے، پولنگ کے ختم ہونے اور نتائج کےاعلان کے دوران دھاندلی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ای وی ایم سے متعدد فوائد ہیں کہ جیسے ہی انتخابات ختم ہوں گے فوراً نتائج سامنے ہوں گے، کسی کو ووٹ کی تصدیق درکار ہوگی تو اس کی تفصیلات بھی آسانی سے میسر ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن کی خاموشی مایوس کن ہے، انہوں نے ڈیڑھ برس میں انتخابی اصلاحات کے لیے حکومت کو تجویز دی اور نہ ہی کوئی مدد فراہم کی۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن اور پھر الیکشن کمیشن نے ای وی ایم کی مخالفت کی جبکہ ہم توقع کررہے تھے سارے تنازعات ختم ہوجائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ تمام نوعیت کی دھاندلی اور ووٹ چوری کا توڑ ای وی ایم ہے، معاشرے میں اصلاحات کے مدمقابل ایک گروپ ہوتا ہے جو صرف اپنے مفادات کو اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر آپ کے پاس اخلاقی قوت نہیں ہے تو آپ انصاف نہیں کرسکتے، آپ طاقتور کو قانون کے دائرے میں نہیں لاسکتے، جب تک انتخابات ٹھیک نہیں ہوں گے ایسا ممکن نہیں ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کرپٹ سسٹم کی پیداوار ہے، یہ تبدیلی نہیں آنے دیں گے لیکن ہم ضرور تبدیلی لائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں