امریکہ میں درجہ حرارت کے نئے ریکارڈ بننا شروع ہو گئے جبکہ یورپ اور جاپان میں بھی سخت گرمی کی صورتحال بنتی جارہی ہے جسے ماہرین گلوبل وارمنگ کے تازہ ترین خطرے کے طور پر دیکھ ہیں۔
اٹلی کو تاریخی گرم درجہ حرارت کی پیشگوئی کا سامنا ہے ، محکمہ صحت کی جانب سے روم، بولوگنا اور فلورنس سمیت 16 شہروں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے، اطالوی محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ موسم گرما کی اب تک کی سب سے سخت گرمی کیلئے تیاررہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روم میں درجہ حرارت 43 سینٹی گریڈ تک پہنچنے پیش گوئی کی گئی، جو اگست 2007 میں قائم 40.5 سینٹی گریڈ کے ریکارڈ کو توڑ دے گا، جسسلی اور سارڈینیا کے جزیرے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت ریکارڈ کیاجا سکتاہے۔
یورپی خلائی ایجنسی نے انتباہ جاری کیا ہے کہ یہ ممکنہ طور پر یورپ میں ریکارڈ کیا گیا سب سے زیادہ گرم درجہ حرارت ہو گاجبکہ فرانس میں بلند درجہ حرارت اور اس کے نتیجے میں خشک سالی صنعت کیلئےخطرہ کا باعث بنتی جارہی ہے ۔
کیلیفورنیا کے علاقے ‘ڈیتھ ویلی ‘سے متعلق بھی پیش گوئی کی گئی ہے کہ وہاں پر درجہ حرارت 54 ڈگری ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔