اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہےکہ ساڑھے 3 سال سے وزارت انجوائے کررہا ہوں، اگر امتحان کے وقت نخرے دکھاؤں تو ایسی سیاست پر لعنت ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد میں 21 مارچ کو چھٹی ہوگی، سیاسی دنگل اسلام آباد میں ہی ہونا ہے اور اپوزیشن کو شکست ہوگی جب کہ شہبازشریف نے جو کہا اس سے ان کے چہرے بے نقاب ہوگئے ہیں، وہ کہتے ہیں قومی حکومت بنائیں، یہ ٹیکنو کریٹ کی حکومت کا بھی کہیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ حالات کو تصادم کی طرف نہ لے جائیں ورنہ جھاڑو پھر جائے گی، میں 25 تاریخ سے خبر دوں گا، ابھی تو ہلکی پھلکی موسیقی ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ ایم این اے کا حق ہے کہ وہ حق میں ووٹ دے یا مخالف ووٹ دے، کسی کو قومی اسمبلی آنے اور ووٹ ڈالنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی، سندھ ہاؤس میں 12 بندوں کی بات کی جارہی ہے، زندگی میں بِکنے اور بَکنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں عمران خان کیساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں، نسلی اور اصلی لوگ امتحان کے وقت ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، ساڑھے 3 سال سے وزارت انجوائے کررہا ہوں، اگر امتحان کے وقت نخرے دکھاؤں تو ایسی سیاست پر لعنت ہے، میں سیاست وقت پہ کرتا ہوں، سیاست میں وقت اہم ہوتا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ امید ہے ہمارے اتحادی عمران خان کے حق میں فیصلہ کریں گے، جو اپنا ضمیر بیچے گا قوم اس کا منہ کالا کرے۔