اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار اور منتخب حکومت کے ساتھ ہے: شیخ رشید

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہےکہ  اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار  اور منتخب حکومت کے ساتھ ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کی سیاست 50 دن کی ہے اور عمران خان سرخرو ہوں گے، وہ این آر او نہیں دیں گے اور چھوڑیں گے بھی نہیں، اپوزیشن اپنے بندوں کا خیال کرے، بندے آپ نے لانے ہیں، آپ عدم اعتماد کے بندے نہیں  لاسکتے، اگر بندے لانے ہوتے تو ساڑھے تین سال پہلے لے آتے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں 70 کیسز میگا کرپشن کے ہیں، ان کا فیصلہ ہونا چاہیے، شہباز شریف نواز شریف سے زیادہ کرپٹ ہے اور ان کے کیس مضبوط ہیں مگر ہم نتائج نہیں لاسکے جب کہ ہم چوری کے پیسے اور لوٹی ہوئی دولت بھی واپس نہیں لاسکے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار ہے اور منتخب حکومت کے ساتھ ہے، اپوزیشن ہمیں کسی بل میں تو شکست تو نہیں دے سکی، اب اپوزیشن ہمارے اتحادیوں کے پاس جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے رینجرز، ایف سی، کوسٹ گارڈ اور گلگت بلتستان اسکاؤٹس کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ کیا، تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ مارچ سے ملے گا، وزیراعظم سے گزارش کی ہے کہ سویلین کی بھی تنخواہ بڑھائی جائے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہمارے طالبان کےساتھ اچھے تعلقات ہیں اور امید ہے وہ اپنی سر زمین ہمارے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

فیصل واوڈا کی نااہلی سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ یہ کوئی دھچکا نہیں ہے، فیصل واوڈا الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں