الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشن کے انعقاد کی تیاریاں شروع کردی ہیں جہاں انہیں توقع ہے کہ انہیں اسلام آباد میں ایک عرصے سے التوا کا شکار بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا کسی بھی وقت کہا جا سکتا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ایک اہلکار نے تصدیق کی کہ پولنگ بیگز ریٹرننگ افسران کو بھجوائے جا چکے ہیں جنہیں پہلے ہی ہدایت کی گئی تھی کہ وہ پولنگ کے مواد کو مناسب حفاظتی انتظامات کے تحت رکھنے کے لیے کمرے مختص کریں۔
قانون کے تحت الیکشن کمیشن آف پاکستان 120 دن کے اندر انتخابات کرانے کا پابند ہے جہاں اسلام آباد میں بلدیاتی اداروں کی مدت 14 فروری 2021 کو ختم ہو گئی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل زیر التوا ہے لیکن الیکشن کمیشن اس ہفتے کسی بھی وقت انتخابات کرانے کے لیے تیار ہے، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اسلام آباد وقاص احمد ملک جو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر بھی ہیں، پہلے ہی ریٹرننگ افسران کو ضروری ہدایات جاری کر چکے ہیں۔
اس سے قبل کمیشن نے 31 دسمبر کو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول طے کیا تھا، اس نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حالیہ فیصلے کی وجہ بتاتے ہوئے مشق ملتوی کر دی تھی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے جمعہ کو کمیشن کو حکم دیا تھا کہ وہ ہفتے کو انتخابات کرائے، جو پولنگ عملے کی غیر موجودگی، سیکیورٹی انتظامات اور لاجسٹک مسائل کی وجہ سے نہیں ہو سکے۔