اسرائیل فلسطین کشیدگی پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا بند کمرہ ہنگامی اجلاس بے نتیجہ ختم ہو گیا، نہ باضابطہ قرارداد پیش ہو سکی اور نہ ہی مشترکہ اعلامیہ یا بیان تک جاری ہو سکا۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکا کی جانب سے رکن ممالک پر زور دیا گیا کہ وہ اسرائیل پر حماس کے حملے کی مذمت کریں تاہم امریکی اور اسرائیلی مطالبے اور دباؤ کے باوجود کئی اراکین نے حماس کے حملوں کی مذمت نہیں کی۔
امریکا نے اسرائیل پر حماس کے حملے کے معاملے پر سلامتی کونسل کے اجلاس میں اتفاق رائے نہ ہونے پر اظہار افسوس کر دیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق اجلاس کے دوران روس نے سلامتی کونسل کے دیگر رکن ملکوں سے اتفاق نہیں کیا۔
اجلاس کے دوران روسی سفیر نے فوری جنگ بندی اور بامعنیٰ مذاکرات پر زوردیتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل فلسطین سے متعلق دہائیوں پہلے طے معاہدے پرعمل کرے۔
اجلاس کے دوران چینی سفیر کا کہنا تھا کہ یہ غیر معمولی بات ہے کہ سلامتی کونسل نے کچھ نہیں کہا ورنہ عام شہریوں کے خلاف کیے گئے تمام حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔