اسرائیل فلسطین تنازع پر عالمی برادری متحرک ہو گئی، امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین تنازع کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے علاقائی شراکت داروں کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
فلسطینی صدر محمود عباس سے رابطہ کے دوران تبادلہ خیال کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ اسرائیل پر حماس کے حملوں کی مذمت کرتے ہیں، حماس فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کیلئے نہیں لڑرہی۔
اسرائیلی اخبار نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل کی جانب سے جنوبی غزہ کو پانی کی فراہمی دوبارہ شروع کر دی گئی ہے۔
ادھر امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ریاض میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کرتے ہوئے غزہ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی عرب کے دورے کے بعد انٹونی بلنکن قاہرہ پہنچ گئے جہاں انہوں نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی۔
امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کے موقع پر مصری صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل اب اجتماعی سزا پر اتر آیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن مصر کے بعد اردن پہنچ گئے، آج دوبارہ اسرائیل بھی جائیں گے، جہاں اسرائیلی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
ادھر امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان کا کہنا تھا کہ غزہ کے فلسطینی وقار، تحفظ اور سلامتی کے حقدار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل فلسطین تنازع میں ایران کے براہ راست ملوث ہونے کا امکان نظر انداز نہیں کر سکتے۔