لاہور ہائیکورٹ نے اسپیکر قومی اسمبلی اور الیکشن کمیشن کے استعفے منظور کرنے کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ استعفے منظور کرنے کے نوٹیفکیشن آئین اور اسمبلی رولز کے خلاف ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 72 مستعفی ایم این ایز کے استعفوں کے خلاف درخواستیں منظور کرتے ہوئے ایک ہی نوعیت کی تین درخواستوں پر 25 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کر دیا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی مستعفی اراکین کے استعفوں کی تصدیق کیلئے اراکین کو طلب کریں اور 2 مواقع فراہم کریں۔ استعفوں کی تصدیق کا عمل مکمل ہونے سے پہلے مستعفی اراکین اپنے استعفے واپس لے سکتے ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق مستعفی اراکین سیکریٹری قومی اسمبلی کو تحریری طور پر بتا کر اپنے استعفے واپس لے سکتے ہیں۔ سیکریٹری اسمبلی اراکین کے قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے حوالے سے اقدامات کرے گا۔ اس پراسس کے بعد دیے گئے استعفے غیر موثر تصور ہوں گے۔