احتجاج میں جن کی موٹرسائیکلیں جلیں انہیں نئی موٹرسائیکل دیں گے: شرجیل میمن

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے اعلان کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے پُرتشدد احتجاجی مظاہروں کے دوران جن لوگوں کی موٹرسائیکلیں جلائی گئیں سندھ حکومت انہیں نئی موٹرسائیکل دے گی۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکلوں کے پیسے ان ہی دہشتگردوں سے وصول کیے جائیں گے، دہشتگردوں کی شناخت ہوچکی ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا  پی ٹی آئی کی قیادت 9 مئی کے پیچھے تھی، عمران خان نے ادارے پر الزام لگایا لیکن ویڈیوز میں ان کے اراکین نظر آرہے ہیں۔

صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اس کا حساب کون دیگا، پولیس والوں پر تشدد کیا گیا، کیا لوگوں کو چھوڑدیا جائے گا؟ بد ترین طریقے سے املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں کو تھیلے بھر بھر کر ضمانت دی جارہی ہے، ہمیں اور ہمارے رہنماؤں کو تو سالوں گزر جانے کے باوجود ضمانت نہیں ملتی تھی، یہ دہرا معیار ختم ہونا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں