سابق وزیر اطلاعات اور رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فواد چوہدری نے کہا ہے کہ لانگ مارچ اتوار تک اسلام آباد پہنچنا فی الحال ممکن نہیں لگ رہا۔
گوجرانوالہ میں شاہ محمود قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ آج چن دا قلعہ کے علاقے سے لانگ مارچ شروع کریں گے اور سپر ایشیا چوک پر آئیں گے، اس کے بعد ہم شیرانوالہ باغ میں جائیں گے جہاں وکلا نے استقبالیہ رکھا ہے، اس کے بعد ہمارا آخری پڑاؤ گوجرانوالہ چوک ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آج سارا دن گوجرانوالہ میں ہی گزرے گا اور رات بھی یہیں قیام کریں گے، کل 2 نومبر کو پنڈی بائے پاس سے لانگ مارچ کا دوبارہ آغاز ہوگا، پھر راوالی سے گزر کر گکھڑ پر اختتام پذیر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ 3 نومبر کو ہم وزیر آباد اور گجرات پہنچیں گے جہاں پرویز الٰہی کے پاس ہمارا قیام ہوگا اور پھر جمعے کو لالا موسیٰ پہنچیں گے، ہمارا اتوار تک اسلام آباد پہنچنے کا منصوبہ تھا لیکن اب اتوار تک اسلام آباد پہنچنا فی الحال ممکن نہیں لگ رہا۔