اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہےکہ مولانا فضل الرحمان بپھرے پڑے ہیں اور وحشی جٹ بنے ہوئے ہیں لہٰذا مولانا ملک میں خانہ جنگی ہوئی تواس کی قیمت آپ کو چکانی پڑے گی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم بھی عمران خان کا ساتھ دے گی، وقت آگیا ہے 25 مارچ سے پہلے فیصلہ کرنا ہوگا کس نے کہاں رہنا ہے۔
ان کا کہنا تھا میری پرویز الٰہی سے کو ئی بات نہیں ہوئی لیکن آج سے ہی اتحادی اعلان کرنا شروع کر دیں گے کہ وہ حکومت کے ساتھ ہیں، 25 مارچ کو میدان عمران خان کے حق میں ہو جائے گا۔
پرویز الٰہی کے انٹرویو سے متعلق سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اگر انہوں نے انٹرویو دیا ہے تو ٹھیک ہی دیا ہو گا لیکن میں 102 فیصد یقین رکھتا ہوں کہ عمران خان جیتے گا۔
قبل ازیں اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن اب 25 مارچ کو آرہی ہے، 27 مارچ کے جلسے کو سکیورٹی دیں گے لیکن کسی کوعوام کے جان و مال سےکھیلنے کی اجازت نہیں دی جائےگی۔
انہوں نے کہا کہ پہلے بھی کہہ چکا ہوں، پاکستان کو انٹرنیشنل تھریٹ ہیں، 20 مارچ سے پولیس اور رینجرز کو اختیارات دے رہا ہوں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو عدم اعتماد کا حق حاصل ہے لیکن یہ نہ ہوکہ عدم اعتماد عدم استحکام کی طرف منتقل ہوجائے، اس لیے نہ ہم آپ کوچھیڑیں گے نہ آپ قانون کوچھیڑیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے زیادہ حیرت مولانا فضل الرحمان پر ہورہی ہے کیونکہ یہ سارے بھاگ جائیں گے آپ دھر لیے جائیں گے، فضل الرحمان جو زبان استعمال کررہے ہیں اس سے انتشار پھیلا تو ذمہ دار آپ ہوں گے، مولانا فضل الرحمان بپھڑے پڑے ہیں اور وحشی جٹ بنے ہوئے ہیں، فضل الرحمان آپ عالم دین ہیں، تیل میں بھگوئی ہوئی لاٹھیاں،آپ یہ کیا باتیں کررہے ہیں، مولانا ملک میں خانہ جنگی ہوئی تواس کی قیمت آپ کو چکانی پڑے گی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ کوئی جیتے یا ہارے فائدہ عمران خان کا ہی ہوگا، سیاست اہم پیرائے میں داخل ہونے جارہی ہے، ہمارا کسی سے ذاتی کوئی مسئلہ نہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ سارا پاکستان عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے اور سیاسی بصیرت میں عمران خان کو جیتتے ہوئے دیکھ رہا ہوں، مارچ سے عمران خان اورمضبوط ہوں گے جب کہ آپ چوکوں پرآذانیں دیں گے آپ کی دس سال تک کوئی نہیں سنے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ اسٹیبلشمنٹ کا حصہ ہے اور چولی دامن کا ساتھ ہے، سیاست سے اسٹبشلمنٹ دورہےجو بہت اچھی بات ہے۔