ایرانی جوہری پروگرام پر امریکا اور اسرائیل کی بات چیت آج ہو گی

امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سولیون آج بدھ کے روز تل ابیب میں اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ اور اسرائیل کے دفاع اور خارجہ امور کے وزرا سے ملاقات کریں گے۔ سولیون گذشتہ روز ایک روز دورے پر تل ابیب پہنچے تھے۔ دورے کا مقصد ایران کے جوہری پروگرام کو زیر بحث لانا ہے۔

اس سے قبل وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا تھا کہ سولیون ایران اور دیگر موضوعات پر مشاورت کے لیے اسرائیل اور مغربی کنارے کا دورہ کریں گے۔

ادھر اسرائیلی ٹی وی “چینل 13” کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن تین ہفتوں سے اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ کے رابطوں کا جواب دینے سے انکار کر رہے ہیں۔

اخباری رپورٹ کے مطابق امریکی صدر اسرائیلی حکومت کے سربراہ کے ساتھ ایران کے حوالے سے بات چیت کو مسترد کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ ایران کے جوہری معاملے کے حوالے سے واشنگٹن اور تل ابیب کے بیچ آراء میں اختلاف پایا جا رہا ہے۔ جہاں امریکی انتظامیہ جوہری معاہدے کی طرف واپسی کی خواہش مند ہے وہاں اسرائیل کے نزدیک عالمی برادری کو تہران کو اس کے جوہری پروگرام سے دست بردار کرنے پر مجبور کرنے کے لیے ایک ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکا ایران کے حوالے سے نئے اقدامات کی تیاری پر کام کر رہا ہے۔ یہ اقدامات ویانا میں جوہری معاملے پر مذاکرات ناکام ہونے کی صورت میں کیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں