جرمن قانون سازوں نے اولاف شُولس کو نیا چانسلر منتخب کر لیا

جرمن پارلیمان نے بُدھ کے روز سوشل ڈیمو کریٹک پارٹی کے رہنما اولاف شوُلس کو نئے چانسلر کے طور پر منتخب کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کرسچن ڈیمو کریٹ لیڈر انگیلا میرکل کا 16 سالہ دور اقتدار اختتام کو پہنچا۔

آٹھ دسمبر 2021 ء کو جرمن سیاست کا ایک نیا باب کھل رہا ہے۔آج سے یورپ کی سب سے مضبوط معیشت جرمنی میں بائیں بازو کی طرف جھکاؤ والی قیادت نے ملک کی باگ ڈور سنبھال لی ہے۔

برلن میں وفاقی پارلیمان میں نامزد چانسلر کے انتخاب کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں ایوان زیریں میں ڈالے گئے 707 ووٹوں میں سے 395 سوشل ڈیمو کریٹ لیڈر اولاف شوُلس کے حق میں تھے۔ شوُلس نے اپنی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ جرمنی کو ‘سرسبز و شاداب اور منصفانہ‘ بنانے کا انگیلا میرکل کا شروع کردہ وسیع سلسلہ جاری رکھیں گے۔

پارلیمان میں اسپیکر بیئربل باس کے سامنے چانسلر کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد اولاف شوُلس کو موٹر گاڑیوں کے ایک جلوس کے ساتھ برلن کے ‘قصر بیلیویو‘ پہنچایا گیا۔ وہاں وفاق جرمن صدر فرانک والٹر شٹائن مائر نے سرکاری طور پر اولاف شوُلس کو دوسری عالمی جنگ کے بعد کے جرمنی کے نویں چانسلر ہونے کا اعلان کیا۔

شوُلس میرکل کے دور میں جرمنی کے وزیر خزانہ رہ چُکے ہیں۔ رواں سال کے شروع میں الیکشن کے ان نتائج کا تصور بھی نہیں کیا جا رہا تھا۔ تب ان کی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی خود بُری طرح سے تقسیم کا شکار نظر آ رہی تھی۔

جرمنی کی پہلی ٹریفک لائٹ‘ حکومت

63 سالہ اولاف شوُلس کو بڑی حد تک انگیلا میرکل کی تقلید کرنے والا سیاستدان کہا جاتا ہے۔ انہوں نے میرکل کے سیاسی انداز کو اپناتے ہوئے اُسے کامیابی اور فتح یابی کی حکمت عمل میں تبدیل کیا۔ انہوں نے تحفظ ماحول کے لیے سرگرم گرین پارٹی اور لبرل ڈیموکریٹس کو اپنے ساتھ ملایا اور ایک سہ فریقی مخلوط حکومت سازی کے لیے راہ ہموار کی۔

اس طرح 2021 ء میں جرمنی میں پہلی بار ایک ‘ٹریفک سگنل‘ حکومتی اتحاد کا وجود سامنے آیا ہے۔ ایس پی ڈی یعنی سوشل ڈیمو کریٹک پارٹی کا رنگ سرخ، ماحول پسند گرین پارٹی کا سبز اور فری ڈیمو کریٹک پارٹی ایف ڈی پی کی پہچان پیلے رنگ سے کی جاتی ہے، اسی وجہ سے اس مخلوط حکومت کو  ٹریفک سگنل‘‘ حکومت قرار دیا گیا۔

چانسلر ولی برانٹ کی سیاسی میراث

گزشتہ ماہ نئے حکومتی اتحاد کی طرف سے جس معاہدے پر اتفاق ہوا تھا اُسے Dare for More Progress کا نام دیا گیا ہے۔ یہ دراصل جرمنی کے چوتھے چانسلر ولی برانٹ کی سیاسی میراث کی حیثیت رکھتا ہے۔ 1969 ء سے 1974 ء تک وفاقی جمہوریہ جرمنی کے چانسلر رہنے والے سوشل ڈیمو کریٹ لیڈر ولی برانڈ نے ایک تاریخی وعدہ کرتے ہوئے  Dare for More Democracy کی سیاست کے عزم کا اظہار کیا تھا۔ جرمنی کے نئے چانسلر نے گزشتہ ویک اینڈ پر اپنی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس نئے حکومتی اتحاد کے معاہدے کی 99 فیصد حمایت کرتے ہوئے اس کی سربراہی کا فیصلہ کیا ہے۔فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے اولاف شوُلس کو جرمنی کے نئے چانسلر بننے پر مبارکباد دی ہے۔ ساتھ ہی ماکروں نے کہا،” ہم مل کر اگلا باب رقم کریں گے۔‘‘ اُدھر یورپی یونین کی سربراہ اُرزولا فون ڈیئر لائن نے کہا کہ وہ ”ایک مضبوط‘‘ یورپ کے لیے مل کر کام کرنے کی منتظر ہیں۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے جرمنی میں نئی حکومت اور نئے چانسلر کے منتخب ہونے پر برلن کو کریملن کی طرف سے ” تعمیری تعلقات‘‘ کے فروغ کی پیشکش کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں