سیالکوٹ میں سری لنکن فیکٹری منیجر کے قتل اور لاش کو جلائے جانے کی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے سری لنکن منیجر کے قتل سے متعلق ابتدائی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کر دی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ رپورٹ کے مطابق مرکزی ملزمان سمیت 112 ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں، اشتعال دلانے والوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیکٹری منیجرز کی معاونت سے واقعے میں ملوث افراد کی شناخت کی گئی، گرفتار ملزمان کو مزید تحقیقات کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ذمہ داران کے خلاف سخت ترین کارروائی کی گئی، واقعے کے محرکات میں توہین مذہب کے ساتھ انتظامی پہلوؤں کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔
راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ اور گرد و نواح میں گرجا گھروں اور غیر ملکی فیکٹری ورکرز کی سکیورٹی بھی سخت کر دی گئی ہے۔